گفتگو کا ہنر سیکھیے
سب سے پہلا اور بنیادی ہُنر جو آپکو کامیابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے وہ ہے گفتگو کا ہنر۔اگر آپ مقابل کا مدعا سمجھ کر روانی اور اعتماد سے گفتگو کر سکتے ہیں تو دنیا کی کوئی بھی طاقت آپ کو آگے بڑھنےسے نہیں روک سکتی۔ اس کے لئیے خود اعتمادی آپ کا مضبوط ترین ہتھیار ہے ۔اگر آپ مقابل کی شخصیت اور رتبے سے متاثر ہوئے بغیر ،اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں تو بلا شبہ آپ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔لیکن اس ۔ ۔ کے لئیے آپکا ذخیرہْ الفاظ اور الفاظ کا بروقت اور درست چناوْبہت ضروری ہے۔
بہترین لکھاری بنیے
دوسرا بنیادی ہُنرجو کہ آپکی کامیابی کی ضمانت ہے وہ ہے آپ کی اچھا لکھنے کی صلاحیت۔اگر آپ گفتگو کے فن سے ناآشنا ہیں یا آپ میں اعتماد کی کمی ہے تو اپنے زور قلم کو بڑھائیے ۔اپنا مطمع نظر اچھے اور مناسب الفاظ میں ،دلائل کے ساتھ بیان کرنے کی مشق کیجیئے تاکہ آپ اپنے احساسات و خیالات کو دوسروں تک موثر انداز میں پہنچا سکیں۔
بہترین سامع بنیے
دوسروں کو توجہ اور اخلاص کے ساتھ سننے کی صلاحیت اور ہُنر ہر انسان کے پاس نہیں ہوتا ۔ آج کل کے مادی دور میں اگر آپ دوسروں کو دھیان سے سنتے ہیں اور ان کی باتوں کو سراہتے ہیں تو سمجھ لیں کہ یہ ایک بہت بڑا ہنر ہے ۔ عملی زندگی میں خاموشی اور توجہ سے دوسروں کو سننے والا شخص ہی کامیاب رہتا ہے ۔قدرت کا اصول ہمارے فائدے اورترقی کے لیے ہی بنا ہے کہ زبان ایک ہے اور کان دو ہیں۔ لہذا،بہترین سامع بنیے اور دوسروں کا دل جیتیئے۔
خوش اخلاقی اپنائیے
دور حاضر میں ہر انسان ،خصوصاً نوجوان طبقہ بہت عجلت اور پریشانی میں،بعض اوقات چڑچڑے پن اور بد مزاجی کا شکار ہو جاتا ہے ۔اس کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں توقعات کا پورا نہ ہونا یا کام کی ذیادتی جیسے عوامل شامل ہیں۔لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ دوسروں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے تاکہ دوسروں کے جذبات مجروح نہ ہوں اور آپ کی عزت دوسروں کی نظر میں دوچند ہو جائے
پرسکون رہنا سیکھیے
اگر آپ دنیا کے کامیاب ترین افراد کی زندگی کا مطالعہ کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ انکی کامیابی کی ایک وجہ ہر قسم کے حالات کو بغیر غم و غصےّ کے پرسکون ذہن کے ساتھ برداشت کرنا ہے۔ کیونکہ کسی بھی نا پسندیدہ یا نا گہانی صورتحال میں فوراً اپنا ردِّ عمل ظاہر کرنا آپکو مزید پریشانی سے دوچار کر سکتا ہے اس لیے پرسکون رہ کر ہر قسم کی صورتحال کا جائزہ لینا چاہئیے۔صرف ٹھنڈے دماغ اور پرسکون اعصاب کے ساتھ ہی آپ ہر طرح کی پریشانی اور مشکل کا حل سوچ سکتے ہیں ۔
توجہ فرمائیے
ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔