کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کرنے اور اپنا سکٌہ جمانے کے لئیے مناسب تعلیم کے ساتھ ساتھ آپ کی شخصیت کا متاثر کن ہونا بھی ضروری ہے۔ جہاں تک آپ کے جسمانی خدوخال کا تعلق ہے ،وہ بدلے نہیں جا سکتے لیکن ذرا سی محنت اور کوشش سے پر کشش ضرور بنائے جا سکتے ہیں
آئیے اپنی شخصیت کو نکھارنے اور اسے جاذب نظر بنانے کے لئیے کچھ آسان اور موثر عوامل کا جائزہ لیتے ہیں ۔
سب سے پہلے تو اپنی ذات اور اپنی شخصیت کو قبول کر لیں کہ مجھے باری تعالیٰ نے جیسا بنایا ہے اس کا شکر ہے۔اللہ تالی نے مکمل جسم اور ذہن دیا ہے،عقل دی ہے،مناسب شکل اور شناخت دی ہے تو یہ خالق کی بہت بڑی نعمت ہے۔اگر کبھی ناشکری کے جذبات سر اٹھانے لگیں تو اپنے أس پاس موجود ان لوگوں پر ایک نظر ڈال لیں جو جسمانی یا ذہنی معذوری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔اس طرح آپکو اپنی مکمل ذات کی قدر ہو گی۔
شخصیت کو جاذب بنانے کے لیے اپنے آپ کو ہمیشہ صاف ستھرا رکھیں۔ روزانہ غسل کریں اور اپنی ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
ذاتی صفائی میں آپ کا بدن،آپ کے بال،آپ کے ناخن وغیرہ شامل ہیں۔مزید برآں اپنے کان اور ناک کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں۔ اسلامی نقط ء نظر سے دیکھا جائے تو ہر جمعہ کے روز اگر مکمل غسل کر لیا جائے تو اس سے کلی پاکیزگی حاصل ہوتی ہے۔اگر نماز پنجگانہ کا اہتمام کیا جائے تو ہمارے تمام ظاہری اعضاء پانچ وقت دھل ہر طرح کی دھول مٹی اور گرد سے پاک اورصاف ستھرے رہتے ہیں۔سو آم کے آم ،گٹھلیوں کے دام کے مصداق غسل اور وضو سے ہماری دنیا اور آخرت دونوں کا فائدہ ہوگا۔
اپنے بال اور ناخن باقاعدگی سے تراشیں کیونکہ بال آپ کے چہرے کے سائز اور بناوٹ کے لحاظ سے تراشیدہ ہوں گے تو آپ کو ذیادہ جاذب اور پرکشش بنا دیں گے لیکن اگر آپ کے بال جھاڑ جھنکار کی طرح ،بے ترتیبی سے بڑھے ہوئے ہوں گے تو آپ کی اچھی بھلی شخصیت کو مضحکہ خیز بنا دیتے ہیں۔اپنے تراشیدہ بالوں کو عمدگی سے سنوار کے رکھیں اور اپنی ذات کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور سحر کو محسوس کریں۔
ناخنوں کی ہفتہ وار تراشیدگی پر توجہ دیں اور ان پر ہلکا سا روغن یا لوشن ضرور لگائیں تاکہ انکی چمک اور تازگی دیرپا برقرار رہے۔اس طرح آپ کے حلقہ احباب اور دفتر میں آپ کی نفاست کی دھاک بیٹھ جائے گی۔
اگر آپ کا چہرہ اور ہاتھ پاؤں ہر قسم کے گرد اور میل کچیل سے پاک ہیں تو موسم کی مناسبت سے ان کی دیکھ بھال بھی جاری رکھیں۔ بہتر ہوگا کہ گھر سے باہر جانے سے پہلے ،گرمیوں میں کوئی سن بلاک کریم یا لوشن اپنے ہاتھوں اور چہرے پر لگا کر نکلیں اس طرح آپ سورج کی گرمی سے جھلسنے سے محفوظ رہیں گے۔ موسم سرما میں ،اپنے آپ کو کولڈ کریم یا کسی معیاری روغن سے ضرور چکنا رکھیں تاکہ موسم کے سخت اثرات سے آپکی جلد کھردری نہ ہو ۔ مزید برآں کوشش کریں کہ کوئی ہلکی سی خوشبو ضرور استعمال کریں تاکہ آپ کو سارا دن ایک تازگی اور فرحت محسوس ہوتی رہے اور آپ کے آس پاس والوں کو بھی اچھا احساس ہو ۔
لباس ہمیشہ اپنی شخصیت کے مطابق اور موسم کی مناسبت سے زیب تن کریں ۔مزید لباس کا انتخاب کرتے وقت جگہ اور موقعہ کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں ۔ اپنی عمر کے مطابق اچھے اور خوبصورت رنگوں کو پسند کیجیئے ۔کم عمر لوگ کھلتے ہوئے اور ذرا شوخ رنگ پہنیں جبکہ ذرا سنجیدہ اور درمیانہ عمر کے لوگ ہلکے اور سوبر رنگوں کو اپنی پسند میں شامل کریں ۔ دفتر اور کام کی جگہ پر ہمیشہ استری شدہ ،سادہ،صاف ستھرا اور پروقار لباس پہنیں۔ دوستوں میں بھی اچھا اور مناسب لباس زیب تن کریں تاکہ آپکی عزت و توقیر قائم رہے۔
جوتے آپکی نفاست کے آئینہ دار ہوتے ہیں ۔ یہ ضروری نہیں کہ ہمیشہ نئے اور بیش قیمت جوتے پہنے جائیں لیکن یہ بہت ضروری ہے کہ جوتے صاف ستھرے اور پالش شدہ ہوں۔ آپ کے لباس سے مناسبت رکھتے ہوں اور موسم کے مطابق ہوں۔ میلے اور بھدے جوتے آپکے لباس اور آپکی شخصیت کو گہنا دیتے ہیں اس لئیے جوتوں پر خاص توجہ دیں۔
آخر میں چند مزید اہم باتیں کا لازمی ذہن میں رکھیں۔
گھر سے نکلنے سے پہلے ایک دفعہ آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنا تنقیدی جائزہ لیں۔
کیا آپ کے بال تراشیدہ اور خوبصورتی سے کنگھی کئیے گئے ہیں؟
کیا آپکا لباس بے داغ اور استری شدہ ہے؟
کیا آپ کے جوتے صاف اور پالش شدہ ہیں؟
کیا آپ کے وجود سے ایک بھینی بھینی اور فرحت بخش خوشبو آ رہی ہے؟
آپ کے ہاتھ میں موجود سامان یا بیگ صاف ستھرا اور گرد سے پاک ہے؟
اب آپ اپنی جاذب شخصیت کے ساتھ کسی بھی جگہ جانے کے لیئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
توجہ فرمائیے
ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔