کبھی کبھی ایسے لگتا ہے جیسے فیس بک بالکل ہماری دنیا جیسی ہے۔ کہ فیس بک میں آنکھیں کھولتے ہی نئے و پرانے چہرے ملتے۔ کچھ دیکھے بھالے لوگ۔ پہلے پہل سب پیار دکھاتے ہیں۔ جیسے دنیا میں آتے ہی بچے کو بہت پیار ملتا ویسے ہی فیس بک میں آتے ہی آپ کو بہت سی ریکوئسٹس آئیں گی، ڈھیر سارا پیار۔ سب آ آ کر دیکھیں گے کہ نیا کون ہے؟۔
مگر جیسے جیسے بچہ بڑا ہوتا جاتا ہے ویسے ہی فیس بک کی آئی ڈی میں بھی آپ پرانے ہوتے جائیں گے۔جب بچہ تھوڑا بڑا ہوتا تو جیسے اسے چھوٹے بڑے یا اچھے برے کا فرق معلوم نہیں ہوتا ،ویسے ہی فیس بک کا استعمال آنے پر اچھے برے کا علم نہیں ہوتا ۔مگر جوں جوں آپ اس کو استعمال کرتے جاتے ہیں آپ کو سمجھ آنے لگتی ہے کہ دنیا کی طرح یہاں بھی اچھے اور برے دونوں قسم کے لوگ ہیں۔ یہاں بھی والدین کا زندگی کے بارے میں سکھایا گیا اصول استعمال کریں کہ جو اچھے ہیں ان سے دوستی رکھیں جن کی ڈی پی یا آئی ڈیز میں کوئی برائی ہے جو اخلاقیات کے منافی ہے تو ان سے احتیاط کریں اور دوستی نہ بنائیں۔
جس طرح ہم اپنی رئیل لائف کو فیس بک پہ اپلائی کر سکتے ہیں ویسے ہی ہم فیس بک سے بھی بہت کچھ سیکھتے ہیں۔
سٹیٹس (Facebook Status)
فیس بک میں سب سے پہلا کام اپنا اسٹیٹس دینا ہے تاکہ آپ کے دوست اس کو دیکھیں ہماری سوچ کو پڑھیں اور اس پہ اپنی رائے دیں۔ اب فیس بک پر ہوتا یہ ہے کہ ہم جسے عزیز سمجھتے ہیں اس کی ہر پوسٹ کو لائک کرتے ہیں اگر ہم عزیز دوستوں اور رشتہ داروں کو رئیل لائف میں بھی لائک کرنا شروع کر دیں یعنی انہیں احساس دلائیں کے ہم ان کی باتیں سنتے ہیں، دھیان دیتے ہیں اور سمجھتے ہیں تو اس سے رشتوں میں محبت و عزت بڑھے گی۔
فیس بک پہ جس بات پہ اختلاف ہو ہم بہت نرمی سے کہتے ہیں کہ سوری ٹو سے بٹ ، مجھے آپ کی اس بات کی تھوڑی وضاحت چاہیے کہ یہ بات مجھے ایسے نہیں ویسے لگ رہی ہے۔اسی طرح رئیل لائف میں بھی اگر ہم اتنے ہی آداب کا خیال رکھیں اور اتنی ہی نرمی سے تمہید کے ساتھ کسی سے اختلاف کریں تو آپس میں اختلافات پیدا نہ ہوں بلکہ اس کی جگہ احترام و دلائل لے لیں گے۔
ٹیگ کرنا (Facebook Tag)
فیس بک پر کسی بھی ایوینٹ یا ویسے ہی اپنے عزیز دوستوں کو ٹیگ کیا جاتا ہے۔ یہ ٹیگ دراصل ایک تحفہ کی صورت ہوتا ہے جو یہ احساس دلاتا ہے کہ تم میرے لیے اہم ہو۔ اسی طرح اگر ہم رئیل لائف میں کسی ایوینٹ پر یا ویسے ہی کبھی اپنے قربا کو گفٹ سے نوازیں تو اس سے محبت و الفت پیدا ہو گی۔
چیٹ (Facebook Chat)
فیس بک میں اہم لوگوں سے چیٹ کی جاتی ہے تا کہ انہیں ہماری موجودگی کا احساس رہے۔ اسی طرح اگر ہم گاہے بگاہے اپنے رشتہ داروں سے ملنے جاتے رہیں تو نہ صرف یہ کہ محبت بڑھے گی بلکہ ملاقات سے ایک دوسرے سے باتیں کر کے دلی سکون اور رشتوں میں پائیداری آئے گی۔
بلاک (Block)
فیس بک میں ہم ناپسندیدہ ہستیوں کو بلاک کر دیتے ہیں تا کہ ہمیں ان کی پوسٹ وغیرہ دوبارہ نظر نہ آئیں اور نہ انہیں ہماری پوسٹس یا آئی ڈی نظر آئے۔ بالکل اسی طرح اگر ہم اپنی زندگیوں میں ناخوشگوار لمحات، کسی کی بدزبانی یا کسی کی غلطی کو ہمیشہ کے لیے بلاک کر دیں تو ہمارے دلوں میں وسعت پیدا ہو گی اور زندگیاں آسان ہو جائیں گی۔
توجہ فرمائیے
ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔