انسان جب کسی سے محبت کرتا ہے تو وہ چاہتا ہے کہ محبوب کی ساری توجہ صرف اس پر مرکوز ہو۔ وہ چاہتا ہے کہ وہ محبوب کی پسند نا پسند میں ڈھل جائے۔ وہ چاہتا ہے کہ اس کا محبوب اس کی تعریف کرے، اس کی حوصلہ افزائی کرے، اس کے اچھے اور برے وقت میں اس کا ساتھ دے، اس کے ساتھ گھلے ملے، اس کو سپورٹ کرے ، اس کی باتیں دل سے سنے۔
لیکن کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم جس سے محبت کرتے ہیں نا ، یا تو وہ ہماری محبت کو سمجھتا نہیں ہے اور اگر سمجھ بھی لے تو ہماری چاہت پر پورا نہیں اترتا۔ اس کی وجہ کیا ہے؟ ہوسکتا ہے کہ اسے ہماری کوئی بات بری لگتی ہو۔ ہو سکتا ہے کہ اسے ہمارا رہن سہن پسند نہ ہو اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اسے ہم ہی نہ پسند ہوں۔
انسان کی فطرت ہے کہ وہ محبوب کی طرف سے جواب نہ پاکر اسے بے وفائی قرار دیے دیتا ہے خواہ پھر وہ بہن بھائی ہوں ، رشتہ دار ہوں یا پھر دوست احباب میں سے ہی کوئی کیوں نہ ہو۔ جب اس کے ساتھ کوئی محبت سے پیش آنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے بھی روکھے پن کا اظہار کرکے اپنی لسٹ سے نکال دیتا ہے کہ فلاں نے میری محبت تو دیکھی نہیں تو میں اس کی محبت کا جواب محبت سے کیوں دوں؟ مجھے بھلا اس سے محبت ہے جو اس کے آگے گھٹنے ٹیک دوں؟
یہ تمام خیالات غلط ہیں کیوں کہ یہی وہ لمحہ ہے جب انسان ایک سیکنڈ میں کسی کی زندگی کو کیا سے کیا بنادیتا ہے۔ کبھی ایسا ہوا ہو کہ کسی نے کنویں میں چھلانگ لگائی ہو تو آپ نے کہا ہو کہ اس نے لگائی تو بھلا اس میں کوئی قباحت تھوڑی ہے میں بھی لگادیتی ہوں۔ ہرگز نہیں ایسا تو آپ نے سوچا بھی نہیں ہوگا کیوں کہ آپ بھلا پاگل ہیں کہ کسی کی وجہ سے اپنی جان ہی داؤ پر لگادیں۔ بالکل اسی طرح اگر کوئی شخص ہم سے محبت مانگتا ہے تو ہمیں یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ جس سے ہم نے محبت طلب کی تو اس نے دی بلکہ ہمیں اپنی طرف سے پوری کوشش کرنی چاہیے کہ اس رشتہ دار کو، سہیلی کو یا دیگر جاننے والی کو اتنی محبت دیں کہ اگلے بندے کی زندگی میں جو بند کھڑکی سے خلا آگیا تھا وہ ختم ہو جائے اور اس کی زندگی واپس روشنیوں سے ہوتی ہوئی چمک دمک اٹھے۔ کیا ہوا اگر کسی نے آپ کے احساسات کو سمجھنے میں دیر کردی۔ آپ کو تو اللہ نے صلاحیت سے نوازا ہے نا کہ کسی دل کی کی دوا بن سکیں ، کسی کے درد پر مرہم رکھ سکیں، کسی کی زندگی میں سکون لا سکیں تو پھر آپ کیوں جانتے بوجھتے بھی انجان بن جاتے ہیں؟
میں نے اکثر لوگوں کو کہتے سنا ہے یار میں اس کی کیوں ہیلپ کروں؟ دیکھا نہیں تھا اس نے فلاں وقت میرے ساتھ کیا کیا تھا؟ دیکھا نہیں کتنی چڑچڑی ہے؟ بڑی آئی مجھ سے مدد لینے ہونہوں! کبھی آپ نے سوچا کہ آپ کی محبت کا جواب کسی نے محبت سے نہ دیا ہو تو آپ پر کیا گزرتی ہے؟ بہت برا لگتا ہے نا؟ درد بھی ہوتا ہے کہ اس نے میرے ہی ساتھ ایسا کیوں کیا۔ تو کیا دوسرے انسانوں کے احساسات اور دل نہیں ہوتے؟
ایسے الفاظ بولنے سے پہلے یا کسی کی محبت کو ٹھکرانے سے پہلے یہ بھی سوچ لینا چاہیے کہ جس اللہ نے ہمیں یہ صلاحیت دی ہے وہ ہم سے اس کو واپس بھی لے سکتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں تو پوری کائنات کا نظام ہے۔ یہ ہماری عطا کردہ صلاحیت تو بہت معمولی سی چیز ہے۔
میں بھی پہلے سوچتی تھی کہ یار کیا ہے یہ ہر وقت میرے ہی پیچھے پڑی رہتی ہے۔ اسے اور کوئی کام نہیں ہے۔ بس میرا ہی دماغ کھانا آتا ہے۔ بلا بلا۔ لیکن اب میں شکر کرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اتنے سارے لوگوں سے نوازا ہے جو مجھ سے محبت کرتے ہیں، میری کئیر کرتے ہیں، مجھے سپورٹ کرتے ہیں اور تو اور میرے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ کیا ہوا اگر چند ایک میں سے کوئی مجھے اگنور کرتا ہے لیکن اس کے بدلے میں اللہ تعالیٰ دیتا بھی تو ہر دفعہ ڈبل ہے نا۔ الحمدللہ رب العالمین۔
بتانے کا مقصد صرف اتنا تھا کہ اپنی زندگی کو کسی ملکہ رانی یا شہزادی کی دنیا میں تصور نہ کریں بلکہ اس حقیقت کی دنیا میں رہنا سیکھیں۔ سب نے ایک نا ایک دن یہاں سے چلے جانا ہے۔ اپنی زندگی کو اس طرح گزاریں کہ جو لوگ آپ کو اگنور بھی کرتے ہیں ، وہ بھی آپ کے پرستار بن جائیں۔
توجہ فرمائیے
ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔