کیا آپ ملازمت کی تلاش کرتے کرتے مایوس ہو چکے ہیں؟ کیا آپ اس عمل کو تیز کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو معلوم نہیں کہ کیا کرنا چاہیے؟ درحقیقت اس کے لیے چند اقدامات کرنا ضروری ہیں جن کی مدد سے آپ کو ملازمت تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔
کمپنیوں کی ویب سائٹس پرتلاش
یاد رکھنے کی بات یہ بھی ہے کہ ملازمت تلاش کرنے کا عمل اب روایتی طریقوں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ انٹرنیٹ پر تلاش بہت اہمیت کی حامل ہے، اس کے لیے کچھ اقدامات بہت ضروری ہیں، جیسے کمپنیوں کی ویب سائٹس پر جانا اور ان ملازمتوں کے مواقع ڈھونڈنا۔
مخصوص الفاظ استعمال کرنا
آپ ملازمت تلاش کرنے کے لیے بعض اچھے ٹولز بھی استعمال کر سکتے ہیں، جیسے ملازمت کی تلاش کے لیے مخصوص الفاظ استعمال کرنا۔ جب بھی آپ کچھ تلاش کرنے میں درست اور مطلوبہ الفاظ استعمال کریں گے تو آپ کو مطلوبہ نتیجہ ملے گا۔
یہ ضروری ہے کہ کسی جگہ سے مسترد کیے جانے کی صورت میں مایوس بالکل نہ ہوں، کیوں کہ یہ بھی ملازمت کی تلاش کے عمل کا حصہ ہے۔ منفی محسوس کرنے کے بجائے یہ جاننے کے لیے کہ آپ نے کیا غلطیاں کی ہیں اور ان کو کس طرح سے درست کیا جا سکتا ہے اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ہر ملازمت کے لیے الگ سے سی وی
آپ کو اپنے تجربے کے مطابق ہر ملازمت کے لیے الگ سے سی وی بنانا چاہیے، جس کی آپ درخواست دے رہے ہیں اس میں وہ مناسب تجربات شامل کریں جن کی کمپنی کو درحقیقت ضرورت ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملازمت کے اشتہار کو اچھی طرح سے پڑھا اور سمجھا جائے اسی طرح ملازمت کی ضروریات کو سمجھنا بھی بہت ضروری ہے۔
سی وی میں سپیلنگ یا گرامر کی غلطیاں
بہت سے معاملات میں کسی کمپنی کی جانب سے آپ کو مسترد کیے جانے کی وجہ کئی مرتبہ بہت سادہ سی غلطیاں بھی ہوتی ہیں، جن کو نظرانداز قطعاً نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کو سدھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ کئی مرتبہ سی وی میں سپیلنگ یا گرامر کی غلطیاں ہوتی ہیں جو پہلے ہی تاثر کو متاثر کر دیتی ہیں۔ اس لیے سی وی اور کور لیٹر بنا لینے کے بعد ان کو اچھی طرح سے چیک کرنا ضروری ہے۔
معلومات پر تحقیق
جب آپ کو انٹرویو کا دعوت نامہ موصول ہو تو کمپنی اور اس کی تمام معلومات پر تحقیق کرتے ہوئے اس کے لیے خود کو تیار کریں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ ان معلومات کو کس طرح سے استعمال کرتے ہیں اور انٹرویو لینے والے کو کس طرح سے مطمئن کر سکتے ہیں۔ یاد رکھیے بہت زیادہ باتیں اور مبالغہ آرائی بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
پیشہ ورانہ نیٹ ورک
اس وقت پیشہ ورانہ نیٹ ورک ملازمت کے حصول کے لیے اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک آسان اور مفید طریقہ ہے اس سے آپ کے ملازمت ڈھونڈنے کے عمل میں تیزی آتی ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ پیشہ ورانہ تعلقات پر مشتمل ایک نیٹ ورک لازمی بنائیں، اس کے لیے زیادہ سے زیادہ پروگراموں میں شرکت کریں اور خوش اخلاقی سے دوسروں کے دلوں میں جگہ بنائیں۔
توجہ فرمائیے
ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔