کردار سازی

اپنے ارادے فوری نہ بدلیں

سوشل میڈیا پر نظر آنے والی کامیابیوں کے پیچھے کئی راز ہوتے ہیں پوری پوری کہانیاں ہوتی ہیں اگر ایک شخص کی کامیابی پر قلم اٹھایا جائے تو پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے لیکن ویڈیوز دیکھنے والے نوجوان کسی شاٹ کٹ کے ذریعے جلد از جلد اس مقام تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ حقیقی کامیابی چاہتے ہیں تو پھر کسی ایک کام پر دسترس حاصل کریں اور مستقل مزاجی کے ساتھ دن رات محنت کریں ،اتار چڑھاؤ برداشت کریں، حالات کا رونا چھوڑ دیں، مثبت منفی رویوں کو بھی برداشت کریں آپ ضرور کامیاب ہوں گے۔

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بعض نوجوان کسی کام سے متاثر ہوکر جوش میں آجاتے ہیں کہ اس کام کو کیا جائے۔ وقتی جوش و خروش کے باعث اس کام کا آغاز بھی ہوجاتا ہے لیکن رفتہ رفتہ اس میں کمی واقعی ہونا شروع ہوجاتی ہے اور پہلے جیسا شوق باقی نہیں رہتا حتی کہ ایک دن ایسا آتا ہے کہ وہ کام جو بہت جوش و خروش سے شروع کیا گیا تھا سرد مہری کی نظر ہونا شروع ہوجاتا ہے اور رفتہ رفتہ اس پر لاپرواہی کی گرد جمنے لگتی ہے، یہاں تک کہ اس کا انجام بجز خسارے کے اور کچھ نہیں نکلتا۔

  کیا ناک اونچی رکھنا  بہت ضروری  ہوتا ہے ؟

وہ سمجھتے ہیں کہ یہ مسائل ہمارے مقدر میں ہیں اور وہ کچھ بھی کر لیں، انہیں حل نہیں کر سکتے۔ ایسا سوچ کر وہ آگے بڑھنا چھوڑ دیتے ہیں۔ جبکہ ناکام ہونے کے بعد دکھ سہنے سے اندرونی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے، ناکامی سے حاصل شدہ تجربہ اور معلومات کو کامیاب ہونے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی مقصد میں کام یابی حاصل کرنے کے لیے مستقل مزاجی شر ط اوّل ہے، تاریخ گواہ ہے کہ، وہی افراد اپنے خوابوں کی تکمیل حاصل کرپاتے ہیں، جو جہد مسلسل سے کام کرتے ہیں۔ مستقل مزاجی انسان کو منزل تک پہنچاتی ہے۔

جن کے ارادے بدلتے رہتے ہیں وہ کبھی بھی اپنے کیے پر خوش نہیں رہتے۔ نسل نو کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ اگر وہ بھی کسی شخصیت سے مرعوب اور ان کے جیسا بننا چاہتے ہیں، تو ان ہی کی طرح تسلسل سے محنت بھی کرنی پڑے گی۔ کسی بھی کام میں فتح یاب ہونے کے لیے شوق اور ہمت کے ساتھ ساتھ یکسوئی اور محنت میں تسلسل کا ہونا بھی انتہائی ضروری ہے۔

  جیت کا یقین اپنی محنت و قابلیت پر ہونا کیوں ضروری ہے؟

نوجوان دوستو! اگر آپ کوئی کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں ، فوراً کامیابی آپ کے قدم آکر نہیں چومتی ہے بلکہ آپ کو کئی مہینے صبر کے ساتھ، مستقل مزاجی کے ساتھ دن رات محنت کرنی ہوگی۔ یاد رکھیے! خواب پورے کرنے اور ان کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے نیندیں وارنی پڑتی ہیں، کئی مرتبہ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اگر راستے میں آنے والی پریشانیوں اور ناکامیوں کی پروا کیے بغیر آگے بڑھتے جائیں گے توآپ کو منزل مقصود پر پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ آپ چاہے ملازمت کر رہے ہوں یا کاروبار اپنے آپ کے ساتھ مخلص رہیں یعنی اعتماد اور یقین کے ساتھ محنت جاری رکھیں اللہ تعالیٰ آپ کو ضرور اپنے تمام مقاصد میں کامیابی عطا فرمائیں گے۔

5/5 - (1 vote)

توجہ فرمائیے

 ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ  حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔