رہنمائی

کامیابی  حاصل کرنے کے   کچھ خاص اصول

ہم میں سے ہر شخص اپنی زندگی میں کامیاب ہونا چاہتا ہے۔ اپنا ایک نام اور پہچان بنانا چاہتا ہے اور ایک منفرد مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔ لیکن زندگی کی ہر ضروری اور غیر ضروری بھاگ دوڑ میں اپنا وقت صرف کرتے ہوئے ہمارے ذہنوں میں اکثر سوال آتا ہے کہ کامیابی کیا ہے اور یہ حاصل کیسے کی جا سکتی ہے۔ کیا اس کا کوئی شارٹ کٹ نہیں مل سکتا۔ تو اس کا سادہ سا جواب ہے "نہیں”۔ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ اول تا آخر پورا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ پھر چاہے آپ اس سفر میں چلتے چلتے تھک جائیں، آپ کے جوتے گھس جائیں، پاؤں زخمی ہو جائیں، حوصلے ڈگمگا جائیں، چاہے کچھ بھی ہو آپ نے رکنا نہیں ہے۔ مستقل مزاجی سے اپنا سفر جاری رکھنا ہے۔ چاہے آہستہ آہستہ، چھوٹے چھوٹے قدم ہی اٹھاتے رہیں، لیکن کامیابی کی طرف اپنا سفر روکیں نہیں۔

کامیابی کیا ہے؟

ہر انسان اپنی زندگی میں کوئی نہ کوئی خواب ضرور دیکھتا ہے۔ اور اُس خواب کی تکمیل کے لیے جو ہدف مقرر کرتا ہے، اُس ہدف کو اپنی انتھک محنت سے بالآخر پا لینے کا نام ہے "کامیابی”۔ یعنی کامیابی خوابوں کی تکمیل کا دوسرا نام ہے۔ ہر منزل پر پہنچنے کا ایک راستہ ہوتا ہے اور ہر راستے کے کچھ اصول و قوانین ہوتے ہیں۔ جن پر عمل کرنا اُس سفر کے دوران لازم و ملزوم ہوتا ہے۔ بالکل اسی طرح کامیابی کے اس سفر کے بھی کچھ اصول ہیں۔ 

مثبت سوچ کا ساتھ

حالات چاہے جیسے بھی ہوں، اپنی سوچ ہمیشہ مثبت اور بلند رکھیں۔ کیونکہ آپ زندگی میں جو کچھ حاصل کرتے ہیں اس کا براہ راست تعلق آپ کی سوچ سے ہوتا ہے۔ اپنے خیالات اور سوچ کو بڑا کر لیں۔ ہمیشہ اچھا سوچیں۔ منفی خیالات اور ہار جانے کے خوف کو ذہن سے نکال دیں۔ کیونکہ آپ کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ آپ کی منفی سوچ اور ہار جانے کا خوف ہی ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ ہمیشہ اچھا گمان رکھو، کیونکہ انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کا وہ گمان رکھتا ہے۔

  دبئی میں ملازمت کی تلاش کے لیے بہترین وقت 

اعتدال  پسند بنیں

ہمیشہ اعتدال کے ساتھ چلیں۔ کیونکہ زندگی میں اعتدال کا ہونا بہت ضروری ہے۔ ایک غلط یا جذباتی قدم آپ کی ساری کی ساری محنت پر پانی پھیر سکتا ہے۔ ہر کام سوچ سمجھ کر کریں اور اصولوں کے مطابق کریں۔ زندگی میں پختہ ارادے اور اعتدال ہر مقصد میں آپ کو کامیاب کر سکتے ہیں۔

 اپنی ناکامی کو تسلیم کرنا سیکھیں

 زندگی میں کوئی بھی انسان پہلی دفعہ ہی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو جاتا۔ ہر کامیاب انسان کے پیچھے کئی ناکامیاں، غلطیاں اور کہانیاں ہوتی ہیں۔ اور ہے کامیابی کئی ناکامیوں کا نتیجہ ہوتی ہے۔ اپنی ناکامی کو تسلیم کریں اور اس پر پچھتا کر وقت ضائع کرنے کے بجائے اس ناکامی سے سیکھنے کی کوشش کریں۔ یہ دیکھیں کہ کہاں پر آپ سے غلطی ہوئی اور دوسری بار کون سا عمل نہیں دہرانا۔

 وقت کی پابندی کریں

آج کا کام آج ہی کریں۔ وقت کی قدر کریں۔ کیونکہ یہ بہت قیمتی ہے۔ اتنا کہ آپ اپنی عمر کی ساری جمع پونجی لٹا کر بھی اپنی زندگی کا گزرا ہوا فقط ایک لمحہ بھی واپس نہیں لا سکتے۔ اس لیے آج کا کام کل پر ڈالنے کے بجائے اسے آج ہی انجام دیں اور کاہلی سے بچیں۔ وقت گزر جانے کے بعد ہاتھ ملتے رہنے سے بہتر ہے کہ وقت رہتے کچھ کر جائیں۔ 

اپنے آپ کو آگاہ رکھیں

 دنیا بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اگر آپ صرف سوچتے رہیں گے اور عمل کے لیے خود کو تیار نہیں کریں گے تو یہ تیز رفتار دنیا آپ کو پیچھے چھوڑ کر ترقی کی دوڑ میں آپ سے بہت آگے نکل جائے گی اور آپ دیکھ کر حیران ہوتے رہ جائیں گے۔

خود اعتمادی  پیدا کریں

لوگ چاہے کچھ بھی کہیں، لوگوں کے رویے کی پرواہ نہ کریں۔ حوصلہ شکنی کرنے والوں کو بہترین جواب اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر دیں۔ خود پر اعتماد رکھیں اور بار بار خود کو یقین دہانی کروائیں کہ آپ کر سکتے ہیں۔ جب آپ یہ مان لیتے ہیں کہ آپ کر سکتے ہیں تو پھر آپ واقعی کر جاتے ہیں۔ لیکن جب آپ یہ سوچ لیں کہ آپ نہیں کر سکتے تو پھر آپ واقعی نہیں کر پاتے۔ اس لیے اپنی ذات پر سب سے پہلے خود اعتماد کریں تا کہ کل کو اس قابل ہو سکیں کہ لوگ آپ پر اعتماد کریں۔

   ہر کامیابی کا آغاز خواہش سے ہوتا ہے۔

اپنے خیالات کو ہمیشہ منفرد رکھیں۔

 کسی کامیاب انسان کو دیکھ کر اس کی طرح ہی خود کو نہ ڈھال لیں۔ کیونکہ ہر کامیاب شخصیت کے معاملات، حالات اور کہانی الگ ہوتی ہے۔ کسی کو کاپی کرنے کے بجائے خود ایسی مثال قائم کریں کہ لوگ آپ کو کاپی کریں۔ اپنے مقاصد اور منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے تمام تر ممکنہ تجاویز کا جائزہ لیں اور ایک جامع منصوبہ بندی بنا کر آہستہ آہستہ آگے بڑ ھیں۔ مثبت رویہ اپنائیں۔ مثبت رویہ زندگی میں آپ کو وہ سب کچھ حاصل کرنے میں مدد دے گا جو آپ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

تحمل مزاجی سے کام لیں۔

ہر چھوٹے بڑے فرد سے ایک جیسا رویہ رکھیں۔ اور سب سے بڑھ کر خود پر یقین رکھیں۔ ناکامی کے خوف سے جان چھڑائیں اور یہ ذہن میں ہمیشہ رکھیں کہ آپ سب کر سکتے ہیں۔  سیکھتے رہیں اور آ گے بڑھتے جائیں۔ خود کو آزمائیں اور نئے تجربات کریں۔ 

یاد رکھیں ، زندگی کا سب سے بڑا رسک زندگی میں کوئی رسک نہ لینا ہے۔ تبدیلی سے گھبرائیں نہیں بلکہ اسے خوش آمدید کہیں۔ خود کو ہمیشہ متحرک رکھیں۔ اپنے حوصلے بلند اور ارادے پختہ رکھیں اور یقین رکھیں کہ ہوائیں ہمیشہ ہمت والوں کا ساتھ دیتی ہیں۔ 

4/5 - (1 vote)

توجہ فرمائیے

 ٹیم شاباش کا لکھاری کے خیالات اور تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔اگر آپ کو اس تحریر بارے کوئی شکایت ہو ، کسی بیان کردہ  حقائق کی درستگی کرنا چاہتے ہوں تو ٹیم شاباش سےرابطہ کریں۔ 

Avatar

اس تحریر کی مصنفہ اردو ادب میں ماسٹر کرنے کے بعد ایک نجی تعلیمی ادارے میں تدریس کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ اپنے لکھنے کا با قاعدہ آغاز سال 2021 سے کیا اوراب تک کئی میگزینز میں ان کی تحاریر شایع ہو چکی ہیں۔